سربراہان افواج پاکستان کی طرف سے قوم کو عید الفطر کی مبارکباد

04-10-2024

(ویب ڈیسک) افواج پاکستان کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیف کی جانب سے قوم کو عید الفطر کی مبارکباد دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملتان گیریژن میں پاک فوج کی جانب سے شہداء کے لواحقین کے اعزاز میں چاند رات تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہداء کی فیملیز نے ایک ساتھ ملکر عید کی خوشی کو بانٹا اور اپنے پیاروں کو یاد کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایک فوجی کی عید کی خوشیاں اپنے پیاروں سے دور رہ کر فرنٹ لائن سے قوم کے دفاع میں مضمر ہیں، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رحمتیں ہمارے پیارے وطن پر امن و سلامتی کی صورت میں برستی رہیں۔ آمین آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہان افواج پاکستان نے کہا کہ آئیے اس پر مسرت موقع پر اپنے قومی ہیروز کے غیر متزلزل حوصلے پر غور کریں، ہمارے ہیروز مسلح افواج اور پوری قوم کیلئے مشعل راہ ہیں، ہم ان کی قربانیوں پر بہادر روحوں اور ان کے اہلخانہ کے ہمیشہ کیلئے شکر گزار ہیں۔