ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی
04-10-2024
(لاہور نیوز) ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی۔
مساجد اور کھلے میدانوں میں نماز کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جبکہ تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں کی جامع مساجد، عیدگاہوں اور کھلے مقامات پر بھی عید الفطر کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔ اہل اسلام نے نماز عید کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگیں جس کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر باہمی رنجشوں کو بھلا کر عید سعید کی مبارک باد پیش کی۔ عیدالفطر کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت اقدامات کیے گئے تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ودیگر نے نماز عیدالفطر ماڈل سیکرٹریٹ میں ادا کی جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے عید کی نماز نواب شاہ اور بلاول بھٹو نے گڑھی خدا بخش میں ادا کی۔ شہر میں نماز عید کے اجتماعات مفتی راغب نعیمی نے جامعہ نعیمیہ میں نماز عید پڑھائی، اس دوران ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کی دعائیں مانگی گئیں، مینار پاکستان میں علامہ ابتسام الہٰی ظہیر نے نمازِ عید پڑھائی۔ باغ جناح میں بھی نماز عید ادا کی گئی جہاں ڈاکٹر عارف رشید نے نماز عید پڑھائی، عید کی نماز کے بعد ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ دوسری جانب منصورہ میں نماز عید جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے پڑھائی اور ملکی سلامی و خوشحالی، کشمیر و فلسطین کے مظلومین کیلئے خصوصی دعا کروائی۔ لاہور میں واقع مسجد داتا دربار میں بھی نمازِ عید الفطر کا اہتمام کیا گیا جہاں علامہ ریاض سیالوی نے عید کی نماز پڑھائی۔ لاہور کی گرینڈ مسجد بحریہ ٹاؤن میں بھی نماز عید ادا کی گئی جہاں چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے نماز عید پڑھائی، عید کی نماز کے بعد ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ لاہور میں 8 ہزار پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی پر تعینات اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پولیس ہائی الرٹ ہے، عیدالفطر پر بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، پنجاب بھر میں 52 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی پر مامور ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ 27 ہزار سے زائد مساجد، 775 کھلے مقامات پر سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، لاہور میں 8 ہزار پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی پر تعینات ہیں، ڈولفن سکواڈ، پی آر یو، ایلیٹ فورس ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کر رہی ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور کا ہدایت کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، سپروائزری افسران سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیں اور شہری ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی سے گریز کریں۔