کسمپرسی کا شکار اداکار سلیم شاہ کی سنی گئی، امدادی چیک جاری ، وظیفہ مقرر

04-08-2024

(لاہورنیوز) سندھ کے مشہور اداکار اور سٹیج آرٹسٹ سلیم شاہ کی کسمپرسی کے حوالے سے خبریں گردش کرنے کے بعد صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے نوٹس لے لیا۔

صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ کی ہدایت پر معروف اداکار سلیم شاہ کیلئے مالی امداد کا چیک جاری کردیا گیا، اداکار کیلئے محکمہ ثقافت  کی طرف سے ماہوار وظیفہ بھی مقرر کیا گیا ہے۔اداکار سلیم شاہ کا کہنا تھا کہ میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر سیاحت و ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ کا مشکور ہوں جنہوں نے میری مالی مددکی  اور ماہوار وظیفہ مقرر کیا۔ سید ذوالفقارعلی شاہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سلیم شاہ بڑے اداکار ہیں ان کا خیال رکھنا سندھ حکومت کا فرض ہے، سلیم شاہ جیسے سینئر اداکار ہمارا سرمایہ ہیں، فوری مالی امداد کا چیک اور ماہوار وظیفہ محکمے کی طرف سے مقرر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل اداکار سلیم شاہ کی بھیک مانگتے ہوئے خبریں، تصاویر میڈیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔