اوورچارجنگ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کی شامت، 219 گاڑیوں کو بھاری جرمانے
04-08-2024
(لاہور نیوز) اوورچارجنگ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کی شامت آ گئی، گاڑیوں کو بھاری جرمانے کئے گئے۔
ٹریفک اور موٹر وے پولیس اوورچارجنگ کے خلاف ان ایکشن ہو گئی، 219 گاڑیوں کو بھاری جرمانے جبکہ بسوں میں گنجائش سے زیادہ سواریاں بٹھانے پر 146 گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ لاری اڈا، بابوصابو، نیازی چوک، ٹھوکر نیاز بیگ پر ٹیمیں تعینات ہیں، شاہدرہ اور بیگم کوٹ چوک سمیت 10 مقامات پر اوورچارجنگ اور اوور لوڈنگ کے خلاف ٹیمیں متحرک ہیں۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کو مقررہ کرایہ لینے کا پابند کیا جائے، اوورچارجنگ اور اوورلوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کو تھانوں میں بند کر دیا جائے گا، پردیسیوں کی محنت کی کمائی پر کسی صورت شب خون مارنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہوں کے مخصوص پوائنٹس پر اضافی نفری اور سپیشل سکواڈ موجود ہے، زائد کرایہ مسافروں کو واپس بھی دلوایا جا رہا ہے۔