بجلی چوری کے خاتمے کیلئے 23 اپریل تک کی ڈیڈ لائن مقرر

04-08-2024

(لاہور نیوز) بجلی چوری کے خاتمے کیلئے 23 اپریل تک کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی۔

وفاقی وزیر اویس لغاری نے تمام ڈسکوز کے چیئرمین اور سی ای اوز کو بجلی چوری کے خاتمہ کیلئے ہدایات جاری کر دیں اور بجلی چوری کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔ اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر نے بجلی چوری کے خلاف کی جانے والی کوششیں ناکافی قرار دیدیں، انہوں نے کہا پاور ڈویژن ڈیٹا بجلی چوری کے اصل نقصانات کے اعداد و شمار سے مطابقت نہیں رکھتا، تمام متعلقہ افسران بجلی چوری کے تمام ذرائع کا سراغ لگا کر سدباب کریں، ایس ڈی اوز اور تمام متعلقہ فیلڈ سٹاف کو اپنے علاقوں میں چوری نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ دینا ہو گا، تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز ان سرٹیفکیٹ کی جانچ پڑتال کر کے وزارت میں جمع کرائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہو گی، عدم مطابقت یا متضاد شواہد پر محکمہ کے اہلکاروں کے خلاف قانونی، تادیبی کارروائیاں ہوں گی، بجلی چوری میں ملوث اہلکاروں کو سخت سزا دینےکیلئے قوانین میں ترامیم کی جائیں گی، ملازمت سے برخاست کرنے میں رکاوٹ بننے والے قوانین میں ترامیم ہوں گی۔