عالمی بینک کی پاکستان کے 2 منصوبوں کیلئے 14 کروڑ 97 لاکھ ڈالر کی منظوری
04-08-2024
(ویب ڈیسک) عالمی بینک نے پاکستان کے 2 منصوبوں کے لئے 14 کروڑ 97 لاکھ ڈالر کی منظوری دے دی۔
عالمی بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے پاکستان کے دو منصوبوں ’ڈیجیٹل اکانومی‘ اور ’سیلاب سے بچاؤ‘ کے لئے 14 کروڑ 97 لاکھ ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دی ہے۔ ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پروجیکٹ کے لئے 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالر مختص کئے گئے ہیں جن سے ٹیکنالوجی اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کے ذریعے مالیاتی نظام کو بہتر بنایا جائے گا اور سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کی بدولت اقتصادی کارکردگی میں بہتری، ہم آہنگی اور شفافیت کو فروغ ملے گا۔ پاکستان میں بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل اکانومی کو سپورٹ کرنا معاشی اور سماجی ترقی کے لئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ سندھ بیراجوں کی بہتری کے منصوبے کے لئے 7 کروڑ 17 لاکھ ڈالر مختص کئے گئے ہیں جن سے سیلاب سے بچاؤ کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس منصوبے سے نہری نظام کی لچک میں اضافہ ہو گا اور شدید سیلاب اور خشک سالی کے واقعات کے منفی اثرات میں کمی آئے گی۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے ٹیکنالوجی پر مبنی مالیاتی حل تلاش کرنے اور ماحولیاتی آلودگی سے پیدا ہونے والی آفات کے خلاف خود کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔