قومی ٹیم بدستور ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کی دوڑ میں شامل

04-08-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم بدستور ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کی دوڑ میں شامل ہے جبکہ ٹاپ 2 سائیڈز میں جگہ پانے کیلئے باقی 4 سیریز کے نتائج اہمیت کے حامل ہوں گے۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کے رواں دورانیہ میں پاکستان ٹیم پانچویں نمبر پر موجود ہے، قومی ٹیم نے اس دورانیہ کا آغاز سری لنکا کو اس کے ہوم گراؤنڈز پر 0-2 سے مات دے کر شاندار انداز میں کیا تھا مگر پھر آسٹریلیا کا دشوار ترین دورہ آگیا جس میں بھرپور فائٹ کے باوجود پاکستان ٹیم کو 0-3 سے وائٹ واش کی خفت سے دوچار ہونا پڑا۔ آسٹریلیا سے بدترین شکست کے  نتیجے میں پاکستانی ٹیم کی پرسنٹیج میں کمی آگئی، 2 فتوحات اور 3 ناکامیوں کی وجہ سے پاکستان کی پرسنٹیج اس وقت 36.66 ہے جبکہ اس کے پوائنٹس کی تعداد 22 ہے، 2 پوائنٹس سلو اوور ریٹ کی وجہ سے منہا ہوچکے ہیں۔ اس صورتحال کے باوجود پاکستان کے پاس ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے کا موقع بدستور موجود ہے مگر اس کیلئے اسے باقی بچنے والی 4 سیریز میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ پاکستان کا ریڈ بال میں اگلا معرکہ بنگلہ دیش سے اپنے ہوم گراؤنڈز پر ہوگا جس میں 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، اس کے بعد گرین کیپس 3 ٹیسٹ میچز کیلئے انگلینڈ کی میزبانی کریں گی تاہم دسمبر اور جنوری میں پاکستان ٹیم کو جنوبی افریقہ کا رخ کرنا ہوگا جہاں پر 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد قومی ٹیم ویسٹ انڈیز سے 2 ٹیسٹ میچز اپنے ہوم گراؤنڈز پر کھیلے گی، 3 ہوم سیریز میں بہتر نتائج پاکستان ٹیم کو ٹاپ 2 ٹیموں میں شامل کرسکتے ہیں جوکہ آپس میں ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کھیلیں گی۔ پاکستان ٹیم ابتدائی 2 چیمپئن شپ میں ٹاپ 2 پوزیشنز سے کافی دور رہی تھی، پہلی چیمپئن شپ میں نیوزی لینڈ اور دوسرے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دی تھی، اس وقت بھی بھارتی ٹیم سٹینڈنگ میں ٹاپ پر موجود ہے، اس کے بعد آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور سری لنکا موجود ہیں۔