خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی مدد سے ٹیکس اہداف حاصل کر لئے : ایف بی آر
04-07-2024
(لاہورنیوز ) ایف بی آرنے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(SIFC) کی مدد سے ٹیکس اہداف حاصل کرلئے۔
ایف بی آ ر ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے اختتام پر فیڈرل بورڈ آف ریونیونے ٹیکس کی مد میں 6.710 ٹریلین روپے اکٹھے کیے، جو 6.707 ٹریلین روپے کے ہدف سے 3 ارب روپے زائد ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ اس پیش رفت کے ساتھ حکومت کو رواں مالی سال میں 9.415 ٹریلین روپے کی وصولی کا ہدف حاصل ہونے کا امکان ہے، رواں مالی سال کا ہدف گزشتہ مالی سال کے 7.2 ٹریلین روپے کے ہدف سے 2.219 ٹریلین روپے یا 30 فیصد زائد ہے۔ ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے تناسب کو 15 فیصد تک بڑھانے اور حکومتی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیےفیڈرل بورڈ آف ریونیو کی تنظیم نو کے منصوبے کو نافذ کرنا ناگزیر ہے، ان اہدف کا حصول خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی کاوشوں سے ممکن ہوا۔ واضح رہے کہ ایف بی آر نے دعویٰ کیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے تنظیم نو کے منصوبے پر عمل درآمد میں رکاوٹ بننے والے قانونی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔