ٹولنٹن مارکیٹ میں شعبہ جنگلی حیات کی کارروائی، غیر قانونی کاروبار بند

04-07-2024

(لاہور نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے حکم پر وائلڈلائف ڈیپارٹمنٹ نے ٹولنٹن مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کاروبار بند کروادیئے ۔

لاہور کی ٹولنٹن مارکیٹ میں ڈی جی وائلڈ لائف کی قیادت میں چھاپے کے دوران پرندے اور جانور قبضے میں لے لئے گئے، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کے ہمراہ سپیشل وائلڈ لائف ریڈ سکواڈ نے چھاپے مار کر غیرقانونی کاروبار بند کروا دیئے۔  سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر ڈی جی وائلڈ لائف نے خود چھاپہ مار ٹیم کی قیادت کی، کارروائی میں دو بگلے، 18 چکور، 7 کالے تیتر، 9 براؤن تیتر، پانچ کوئل، 10 بطخیں اور دو بندرقبضے میں لئے گئے۔  چھاپہ مار ٹیم نے 12 طوطے، 22 لال گانی والے طوطے، 23 بنگالی طوطے، 10 را طوطوں کے بچے اور 12 لال گانی والے طوطوں کے بچے بھی برآمد کرلئے،علاوہ ازیں تین کالے تیتر بھی مردہ حالت میں برآمد کئے گئے۔ اس سے قبل وائلڈ لائف کی چھاپہ مار ٹیم کی جانب سے 8 سیاہ ریچھ بھی قبضے میں لئے جا چکے ہیں جن کا علاج جانوروں کے تحفظ کی عالمی تنظیم 'فور پاز" کے معالج کررہے ہیں، علاج معالجے کے بعد ان ریچھوں کو ان کے قدرتی اور محفوظ ماحول میں منتقل کیا جائے گا۔