آئی جی پنجاب کی پتنگ بازوں کیخلاف کریک ڈاؤن مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

04-07-2024

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر میں پتنگ بازوں کیخلاف کریک ڈاؤن مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کردی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت  صوبہ  بھر میں دھاتی ڈور و پتنگ بازی کے خاتمے کیلئے  پنجاب پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس ترجمان نے بتایا ہے کہ صوبہ بھر میں  گزشتہ41 روز کے دوران 3 ہزار664 مقدمات درج  کر کے 3 ہزار 798 ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں جن کے قبضہ سے 2 لاکھ  29 ہزار 451 پتنگیں اور 15 ہزا 990 دھاتی ڈور کی چرخیاں برآمد ہوئیں۔  گزشتہ روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں پتنگ بازوں کیخلاف 18 مقدمات درج  کر کے 19 ملزمان گرفتار کئے گئے  جن کے قبضے سے 355 پتنگیں اور 27 ڈور کی چرخیاں برآمد ہوئیں۔  آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام آر پی اوز  اور ڈی پی اوز کو پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید مؤثر بنانے کی ہدایت  کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی جانوں کے دشمن قانون شکن عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے  شہریوں سے اپیل کی ہے کہ والدین اور سول سوسائٹی خطرناک کھیل اور پتنگ بازی کے کاروبار کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں۔