زائد کرایہ وصول کرنے والے بس مالکان کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت

04-07-2024

(لاہور نیوز) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے بس مالکان کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کردی۔

کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں کمشنر لاہور نے پرائس کنٹرول اتھارٹیز کو کرایہ جات کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ  ڈی سیز، اسسٹنٹ کمشنرز اور آرٹی سیکرٹری بس اڈوں کی سخت چیکنگ کریں، مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے بس مالکان کے خلاف کریک ڈاؤن کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز بس، ویگن اڈوں کے دورے کریں، سرکاری کرایہ نامہ بس کی نمایاں جگہ پر آویزاں کرائیں۔ محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس اوپن رہیں گی ان پر سبزیوں کی وافر مقدار اور بہترین معیار کو یقینی بنائیں، آج رمضان المبارک کا آخری اتوار ہے بازاروں میں شدید رش ہوگا، مجسٹریٹس فیلڈ میں موجود رہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کہ ماڈل بازاروں اور عام مارکیٹ میں پرائس مجسٹریٹ سخت چیکنگ کریں، عید شاپنگ کا رش ہوگا، سکیورٹی انتطامات بھی یقینی بنائے جائیں۔