شاہدرہ: ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق
04-07-2024
(ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے شاہدرہ میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے 2 افراد کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق شاہدرہ میں ڈاکوؤں نے باپ بیٹی کو لوٹنے کی کوشش کی تو مزاحمت پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے بتایاکہ فائرنگ سے لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے اور لڑکی کا والد زخمی ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی والد کے ساتھ دودھ لینے دکان پر آئی تھی، گولیوں کا نشانہ بن گئی، شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی کے مطابق ڈاکوؤں نے دودھ فروش کی دکان پرواردات کی اور مزاحمت پرباپ کو زخمی اور بیٹی کو قتل کرکے فرار ہوگئے۔ انہوں نے بتایاکہ فرار ہوتے ہوئے ڈاکوؤں نے گھر کے باہر کھڑے نوجوان کوبھی فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈولفن پولیس اہلکاروں نے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا لیکن موٹرسائیکل سلپ ہونے پر اہل کار گرپڑے۔ اہل خانہ کے مطابق نوجوان نے ڈاکوؤں کو اونچی آوازمیں کہا تھا کہ میں نے تم لوگوں کو پہچان لیا ہے۔