قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا کاکول میں فزیکل ٹریننگ کیمپ ختم
04-07-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی جسمانی اور ذہنی فٹنس کیلئے کاکول کے آرمی فزیکل ٹریننگ سکول میں لگایا جانے والا بوٹ کیمپ ختم ہوگیا۔
10 روز جاری رہنے والے کیمپ میں قومی کرکٹرز کو سخت ترین مشقیں کرائی گئیں۔ کبھی کرکٹرز کو ساتھی کھلاڑی کو کندھے پر اٹھاکر دوڑایا گیا تو کبھی سپرنٹ لگوائی گئیں۔ قومی کرکٹرز نے اس بوٹ کیمپ کے دوران دیواریں بھی پھلانگیں اور پہاڑی پر بھی چڑھائی کی۔ اس کیمپ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان وکٹ کیپراعظم خان سب کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ رسہ کشی کے مقابلے میں زور لگانے کیلئے وہ ساتھی کھلاڑیوں کی امید رہے تو پہاڑ پرچڑھنے کے مقابلے میں انہوں نے ساتھیوں کو انتظار کرنے پر مجبور رکھا۔ اعظم جب بھی کوئی ٹاسک کرتے تو ٹیم کے دیگر کھلاڑی ان کی حوصلہ افزائی کرتے اور جونہی ٹاسک مکمل کرتے تو ساتھی کرکٹرز اعظم سمیت اس کا جشن مناتے۔ دس روزہ اس کیمپ میں کھلاڑیوں کو اپنی فٹنس اور سٹرینتھ کا بخوبی اندازہ ہوگیا ہوگا اور اب یہ پلیئرز پر منحصر ہے کہ وہ اس معیار کو کیسے برقرار رکھتے ہیں جواُنہوں نے کیمپ کے دوران حاصل کیا ہے۔