پاکستانی اداکاروں کی مقبولیت دیکھ کر بالی ووڈ خانز ان سے ڈر گئے: نادیہ خان

04-07-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ و میزبان نادیہ خان کا کہنا ہے کہ انڈیا کے مقبول اداکار پاکستانی اداکاروں کی اداکاری اور بھارت میں مقبولیت دیکھ کر عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں۔

اداکارہ نادیہ خان کا نجی ٹی وی چینل کے شو میں دیا گیا بیان سوشل میڈیا پر خاصا وائرل ہورہا ہے جس میں انہیں پاکستانی اداکاروں کی بھارت میں مقبولیت اور بالی ووڈ خانز کے عدم تحفظ کے حوالے سے بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ نادیہ خان نے کہاکہ جب پاکستانی اداکار بھارت میں مقبول ہونے لگے اور فواد وغیر ہ وہاں جاکر کام کرنے لگے تو بھارت کے کچھ بہت بڑے اداکار  پاکستانی اداکاروں سے ڈر گئے جس کے بعد سیاسی مسئلہ بناکر پاکستانی اداکاروں پر پابندی لگادی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اداکاروں سے صرف سیاستدانوں کو ہی مسئلہ نہیں تھا بلکہ بھارت کے مقبول اداکار بھی پاکستانی اداکاروں سے ڈر گئے تھے اور ان اداکاروں کو یہ ڈر نہیں تھا کہ پاکستانی اداکاروں کو بھارت میں فلمیں آفر ہونا شروع ہوجائیں گی بلکہ وہ سمجھ گئے تھے کہ بھارتی عوام پاکستانی اداکاروں کو دیکھ کر ان کے دیوانے ہوجائیں گے۔ نادیہ خان کا کہنا تھاکہ یہ اداکار سوچنے لگے تھے کہ  پاکستانی اداکار اداکاری کے دوران  نہ تو اپنی ’باڈی‘ دکھاتے ہیں نہ فائٹ سین کرتے ہیں یہ تو آنکھوں سے کام کرتے ہیں، ان کی ڈائیلاگ ڈیلیوری اچھی ہے، اردو صاف ہے جس سے  بھارتی اداکار خوف زدہ ہوگئے اور انہوں نے پاکستانی اداکاروں پر پابندی لگوا دی۔  اداکارہ نے مزید کہا کہ بھارتی عوام ہمارے سٹارز سے عشق کرتے ہیں، حالیہ وقت میں وہاج علی اور بلال عباس کی اداکاری سے بھارتی عوام ان کے دیوانے ہوگئے، بھارت میں ڈرامہ بنانے والے بھی سمجھ گئے ہیں کہ یہ ہماری ضرورت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ  بالی ووڈ  خانز (شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان) ڈر گئے کہ اگر یہ پاکستانی اداکار انڈسٹری میں آئیں گے تو ان کا کیا ہوگا کیونکہ پاکستان میں جتنی عمر کے نوجوان اداکار موجود ہیں، بالی ووڈ میں اس عمر میں اداکار نہیں ہیں۔