شاہین کو مکمل موقع ملنا چاہیے تھا،ہٹانےکا فیصلہ عجلت میں ہوا: ذکاء اشرف
04-07-2024
(لاہور نیوز) سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ عجلت میں کیا گیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کو بطور کپتان مکمل موقع ملنا چاہیے تھا، شاہدآفریدی نے مجھے رضوان کو کپتان بنانے کا کوئی مشورہ نہیں دیا تھا۔ ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ ورلڈ کلاس بیٹر بابراعظم کے لیے میری نیک خواہشات ہیں، کوچز ملکی ہوں یا غیرملکی صرف ٹیم کی بہتری کے لیے ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی گورنر شپ کی باتیں میڈیا میں سنی ہیں، ابھی تک باضابطہ آگاہ نہیں کیا گیا،گورنرپنجاب کے حوالے سے پارٹی (پیپلز پارٹی) جو فیصلہ کرےگی اسے قبول کریں گے۔ صدر شوگر ملز ایسوسی ایشن ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ چینی سرپلس ہے اسے برآمد کرنے کی اجازت ملنی چاہیے، اس سے ایک ارب ڈالر زرمبادلہ ملے گا، چینی کی قیمت مستحکم ہے، برآمد سے چینی کی قیمت نہیں بڑھےگی۔