واسا کی نومنتخب پنجاب حکومت کو دو واٹر ٹینکس کی تعمیر کی استدعا

04-06-2024

(لاہور نیوز) واسا نے نومنتخب پنجاب حکومت کو دو واٹر ٹینکس کی تعمیر کی استدعا کر دی۔

بارشی پانی کو محفوظ بنانے کے لئے واٹر ٹینکس کی تعمیر کا منصوبہ پھر زندہ ہو گیا، واسا نے 2021 کے بعد شہر میں کوئی نیا واٹر ٹینک تعمیر ہی نہیں کیا، نو منتخب پنجاب حکومت کو دو واٹر ٹینکس کی تعمیر کی استدعا کر دی گئی۔ واسا نے کریم پارک راوی روڈ اور تاجپورہ بی بلاک میں واٹر ٹینکس کی تعمیر کی سمری  وزیر اعلٰی پنجاب کو ارسال کر دی، دو واٹر ٹینکس کی تعمیر کیلئے ایک ارب 71 کروڑ 40 لاکھ روپے کے فنڈز کی استدعا کی گئی۔ کریم پارک راوی روڈ واٹر ٹینک کی تعمیر کے لئے 58 کروڑ 90 لاکھ روپے جبکہ بی بلاک تاجپورہ واٹر ٹینک کیلئے ایک ارب 12 کروڑ 50 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، تاجپورہ واٹر ٹینک میں 32 لاکھ گیلن اور کریم پارک راوی روڈ پر 18 لاکھ گیلن کا ٹینک بنایا جائے گا۔ واسا نے رواں مالی سال میں سپلیمنٹری گرانٹ سے فنڈز جاری کرنے کی سمری ارسال کی ہے۔