عیدالفطر کیلئے پردیسیوں کی آبائی شہروں کو واپسی، بس اڈوں پر کرایوں میں اضافہ

04-05-2024

(لاہور نیوز) عیدالفطر کیلئے پردیسیوں نے آبائی شہروں اور گاؤں کا رخ کر لیا، بس مالکان نے کرایوں میں اضافہ کر دیا۔

مظفرگڑھ کا کرایہ 1700 کی بجائے 2500، فیصل آباد کا 1000 سے 1300 روپے، ملتان 1300 سے 1800 اور اسی طرح دیگر شہروں کے کرایوں میں بھی من مانا اضافہ کر دیا گیا۔ بس اڈوں پر موجود اپنے آبائی علاقوں کو جانے والے مسافروں نے کرایوں میں اضافے کو ظلم قرار دیا۔ دوسری جانب وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت اجلاس میں عید پر زائد کرایہ لینے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ ہوا، مختلف بس اڈوں کے اچانک دورے کر کے مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا حکم بھی دیا گیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ کرایوں کی چیکنگ کا سلسلہ عید کے تمام دنوں اور اس کے بعد بھی جاری رہے گا۔