لیسکو کے متعدد سب ڈویژنل افسران اوور بِلنگ نہ کرنے پر ڈٹ گئے

04-05-2024

(لاہور نیوز) مقدمات کے ڈر سے لیسکو کے متعدد سب ڈویژنل افسران اوور بِلنگ نہ کرنے پر ڈٹ گئے۔

اوور بلنگ کے معاملے پر لیسکو انتظامیہ اور سب ڈویژنل افسران میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، لیسکو انتظامیہ کی اوور بلنگ کرکے لاسز کم کرنے کی ہدایات کو متعدد ایس ڈی اوز نے ماننے سے انکار کر دیا جس وجہ سے لیسکو میں ماہانہ لاسز تاحال فائنل نہ ہو سکے۔ ذرائع کے مطابق ایس ڈی اوز نے رواں مہینے بیچز کی ریڈنگ مکمل نہیں کی، لیسکو میں تمام بیچز 3 تاریخ تک مکمل کرکے ماہانہ لاسز فائنل کئے جاتے ہیں، وفاقی حکومت کی ہدایت پر اوور بِلنگ پر ایف آئی اے کی جانب سے کارروائی کی جا رہی ہے، ایف آئی اے میں مقدمات کے ڈر سے سب ڈویژنل افسران نے اوور بِلنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایکچوئل رِیڈنگ سے کمپنی کے لاسز 25 فیصد تک بڑھ سکتے ہیں، ذرائع کے مطابق فیلڈ افسران کے اوور بِلنگ پر راضی نہ ہونے کے باعث کمپنی کلوز نہیں ہو سکی، لیسکو میں اوور بِلنگ کی بھرمار سے اعلیٰ افسران بھی پریشان ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ بیچ 45 اور 46 کی مطلوبہ ریکوری بھی نہ ہو سکی، لیسکو کے بیچ 45 اور 46 میں اوور بلنگ کی بھرمار کی گئی، دستاویز کے مطابق بیچ 45 کی وصولی 51 فیصد اور بیچ 46 کی وصولی 32 فیصد ہے، درست رِیڈنگ پر دونوں بیچز کی ریکوری 100 فیصد ہونی چاہئے۔ بیچ 45 پر 4 ارب 6 کروڑ کی بِلنگ ہوئی مگر ریکوری 2 ارب 6 کروڑ روپے ہوئی، بیچ 46 کی 7 ارب 91 کروڑ بِلنگ کے مقابلے میں وصولی 2 ارب 54 کروڑ روپے کی گئی۔ لیسکو فیلڈ افسران اور اعلیٰ افسران کی جانب سے ریکوری بہتر دکھانے کے لئے بوگس اعداد و شمار پیش کئے گئے۔