بشریٰ بی بی کے خون میں سلو پوائزن کے اثرات نہیں ملے: میڈیکل رپورٹ

04-05-2024

(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی طبیعت ناسازی کا معاملہ، بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی۔

پمز ہسپتال کے 4 رکنی ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے چیک اَپ کیا، بشریٰ بی بی کے خون میں کسی بھی سلو پوائزن کے اثرات نہیں ملے، ڈاکٹروں نے بشریٰ بی بی کی طبیعت کو تسلی بخش قرار دے دیا۔ بشریٰ بی بی کو معدہ میں جلن سمیت ہونٹوں کی سوجن اور آنکھوں میں پانی آنے کی شکایت تھی، بشریٰ بی بی کو کان کی تکلیف سمیت سانس کی شکایت تھی۔ رپورٹ کے مطابق بشریٰ بی بی کی آنکھوں کا معائنہ نہیں کیا گیا کیونکہ انہوں نے اس کی اجازت نہیں دی، معائنہ کے بعد کوئی ایسی چیز سامنے نہیں آئی جس کی ان کو شکایت تھی، ڈاکٹرز نے بشریٰ بی بی کو چند ادویات تجویز کی ہیں۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے بشریٰ بی بی کو سلو پوائزن دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا جس کے بعد پمز کے میڈیکل افسران کی 4 رکنی ٹیم نے بنی گالہ سب جیل میں بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا۔