پی ایچ ایف کا ریکارڈ چوری، ایف آئی اے سے تحقیقات کی درخواست
04-04-2024
(لاہورنیوز)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ریکارڈ چوری کے معاملے پر ایف آئی اے میں تحقیقات کیلئے درخواست جمع کرا دی گئی۔
سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد کا کہنا ہے کہ سابق سیکرٹریز پی ایچ ایف حیدر حسین، علی عباس نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ریکارڈ چوری کیا اور دونوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ای میل آئی ڈی کا پاسورڈ بھی چرایا ہے۔رانا مجاہد نے بتایا کہ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے اکاؤنٹس کے ریکارڈ کی انکوائری دوبارہ شروع کررہے ہیں، حیدر حسین نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے اکاؤنٹ میں خرد برد کی ہے، پی ایچ اے کی انکوائری رکوانے کیلئے حیدر حسین بڑی کوششیں کررہے ہیں۔ سیکرٹری پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے انکوائری کیلئے اجازت دی ہے، پی ایچ اے کے ریکارڈ کی انکوائری رپورٹ عوام کے سامنے لائیں گے۔رانا مجاہد کا مزید کہنا تھا کہ سابق سیکرٹریز پی ایچ ایف حیدر حسین اور علی عباس کے خلاف سرچ وارنٹ جاری کردیئے گئے ہیں۔