احسان اللہ کی انجری سے متعلق غلط تشخیص کا معاملہ، محسن نقوی ڈاکٹروں پر برہم

04-04-2024

(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باولر احسان اللہ کی انجری سے متعلق غلط تشخیص پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی ڈاکٹرز پر برہم ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فاسٹ باولر احسان اللہ کی ایک سینئر ڈاکٹر سمیت پی سی بی حکام نے ابتدائی طور پر ان کی غلط تشخیص کی اور غلط سرجری ہوئی، جس کے نتیجے میں کرکٹر میگا ایونٹس اور سیریز سے باہر ہوگئے۔احسان اللہ کی غلط سرجری کے بعد اب برطانیہ میں خصوصی علاج کی ضرورت ہے، جس کے اخراجات پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز برداشت کررہی ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کرکٹر کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر ناخوش ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرسکتے ہیں۔پی سی بی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے کھلے عام سامنے آنے کے بعد محسن نقوی بہت پریشان ہیں اور احسان اللہ کے علاج کرنے والے ڈاکٹرز کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔