کمشنر لاہور کی واٹر فلٹریشن پلانٹس کے پانی کے معیار کو چیک کرنے کی ہدایت
04-04-2024
(لاہور نیوز) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے تمام فعال واٹر فلٹریشن پلانٹس کے پانی کے معیار کو چیک کرنے کی ہدایت کر دی۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت لاہور ڈویژن کے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈی سی لاہور رافعہ حیدر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جاوید رشید چوہان، ڈی سی شیخوپورہ ڈاکٹر وقار خان، ڈی سی ننکانہ محمد ارشد، ایم ڈی واسا غفران احمد، سی ای او آب پاک اتھارٹی محمد زوہیب بٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ اقبال، ایم سی ایل و دیگر افسران نے شرکت کی۔ کمشنر لاہور نے آب پاک اتھارٹی، واسا، ایم سی ایل اور تمام محکموں کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹس کا جائزہ لیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا واٹر فلٹریشن کا محض فعال ہونا ضروری نہیں، پانی بھی معیاری ہونا چاہئے، ایک ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ کی انسپکشن ہو گی، تمام فعال ہونگے۔ کمشنر لاہور نے کہا ایم سی ایل کے 87 میں سے 79 فعال جبکہ واسا کے تمام 574 واٹر فلٹریشن پلانٹس فعال ہیں، شیخوپورہ کے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس فعال ہیں، ننکانہ و قصور کے بھی جلد تمام فعال ہونگے، تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کو مرحلہ وار فعال کیا جائیگا، تمام فلٹریشن پلانٹس پر نمایاں طور پر رابطہ نمبر لکھوائے جائیں۔