وزیراعلیٰ پنجاب سے ازبکستان کے سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

04-04-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ازبکستان کے سفیر اوبیک عارف عثمانوف کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کو ازبک سفیر اوبیک عارف عثمانوف نے پہلی خاتون وزیر اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ازبک سفیر کا شکریہ ادا کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں تعلیم، صحت اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں معاشی تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا، فارماسیوٹیکل اور سرجیکل آلات کی باہمی تجارت پر تبادلہ خیال کیا گیا، گارمنٹس کی درآمدات اور برآمدات کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔  ازبک سفیر اوبیک عارف عثمانوف نے قائد محمد نواز شریف کے وسطی ایشیائی ریاستوں کے تجارتی روٹس کے ویژن کو سراہا، ان کا کہنا تھا محمد نواز شریف ویژنری لیڈر ہیں، ان کی کاوشوں کی وجہ سے سینٹرل ایشیا میں ٹریڈ کو فروغ ملا اور ترقی کے راستے کھلے، محمد نواز شریف نے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے قابل قدر کردار ادا کیا۔ ازبک سفیر نے کلثوم نواز شریف مرحومہ کی پاکستان میں جمہوریت کے لئے خدمات کو بھی سراہا، انہوں نے مزید کہا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پنجاب کے عوام بالخصوص یوتھ کی فلاح وبہبود کے لئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ اس موقع پر مریم نواز شریف کا کہنا تھا پنجاب میں ازبکستان سے جدید زرعی مشینری امپورٹ کرنے سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی،  ازبکستان برادر ملک ہے، سماجی اور معاشی تعلقات مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں، ازبکستان کے ساتھ معاشی اشتراک کار چاہتے ہیں۔