عید کی آمد آمد، ریلوے کی بکنگ مکمل، مسافروں کو پریشانی کا سامنا

04-04-2024

(لاہور نیوز) عید کی آمد کے پیش نظر پردیسیوں کی آبائی علاقوں کو واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق ریلوے کی کراچی اور کوئٹہ جانے والی تمام ٹرینوں کی عید تک 100 فیصد بکنگ مکمل ہو گئی، مزید سیٹوں کی بکنگ نہ ہونے کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عید کے موقع پر ریلوے کی جانب سے مسافروں کی سہولت کے لیے 4 سپیشل ٹرینیں بھی چلائی گئی ہیں، کراچی سے آنے اور لاہور سے جانے والی عید سپیشل ٹرینوں کی  بھی 100فیصد بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔ ریلوے ذرائع نے بتایا ہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی عید سپیشل ٹرین کی 70 فیصد بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے عید سپیشل ٹرینوں کا شیڈول بھی جاری کردیا جس  کے مطابق پہلی عید سپیشل ٹرین کراچی سے 7 اپریل کو شام 6 بجکر 10منٹ پر روانہ ہوگی اور اگلے روز ایک بجکر 15منٹ پر مسافروں کو لیکر پشاور کینٹ پہنچے گی۔ دوسری عید سپیشل ٹرین 7 اپریل کو ہی صبح 10بجے کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی  جو اگلے روز 4 بجکر 15منٹ پر راولپنڈی پہنچنے گی۔  تیسری عید سپیشل ٹرین 8 اپریل کو کراچی سے لاہور کے لئے رات 9بجے روانہ ہو کر اگلے روز شام 5 بجکر 55 منٹ پر لاہور پہنچے گی، چوتھی عید  سپیشل ٹرین 19 اپریل کو لاہور سے کراچی کے لئے شام 5بجے روانہ ہو کر 20 اپریل کو دن ایک بجکر 45منٹ پر کراچی کینٹ پہنچے گی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ممکنہ طور پر ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز بھی لگائی جائیں گی، کوچز لگانے کا فیصلہ آخری ایام میں مسافروں کے رش کو مد نظر رکھ کر کیا جائے گا۔