این اے 81 گوجرانوالہ سے لیگی امیدوار اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل
04-04-2024
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے این اے 81 گوجرانوالہ سے ن لیگ کے امیدوار اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بلال اعجاز چودھری کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سنی اتحاد کونسل کے بلال اعجاز چودھری 8 ہزار ووٹوں سے کامیاب قرار پائے، الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر مخالف امیدوار اظہر قیوم کو کامیاب قرار دے دیا۔ درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ریٹرننگ افسر نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر درخواست گزار کے اڑھائی ہزار ووٹ کم کر دیئے، عدالت ن لیگی امیدوار اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرے۔ بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بلال اعجاز چودھری کی استدعا منظور کرتے ہوئے این اے 81 گوجرانوالہ سے ن لیگ کے امیدوار اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔