چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی کارروائی، غیرقانونی این جی او کی تحویل سے بچے بازیاب

04-04-2024

(لاہور نیوز)چیئرپرسن سارہ احمد کی ہدایت پر کاہنہ میں کارروائی کرتے ہوئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے غیر رجسٹرڈ این جی او کی غیر قانونی تحویل سے بچوں کو بازیاب کروا لیا۔

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کا کہنا ہے کہ  کاہنہ میں غیر رجسٹرڈ این جی او کے بارے میں اطلاع ملی، غیر رجسٹرڈ این جی او میں غیر قانونی طور پر بچوں کو رکھا گیا تھا ،چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم نے معائنہ کرنے پر بچوں کی حالت کو غیر تسلی بخش پایا۔ سارہ احمد نے بتایا کہ بچوں کو دوکمروں میں انتہائی نامناسب حالت میں رکھا گیا اور کھانے کے انتظامات بھی نامناسب تھے، چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے غیر رجسٹرڈ این جی او  کی غیر قانونی تحویل سے 32 بچوں کو بازیاب کروایا جن میں 14لڑکے اور 18 لڑکیاں شامل ہیں جن کی عمریں 3 سے 14 سال کے درمیان ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ  بازیاب کروائے گئے بچوں کے والدین اور لواحقین کو تلاش کیا جائے گا، غیر رجسٹرڈ این جی او  کی انچارج کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے بعد گرفتار کروا دیا گیا، بازیاب کروائے گئے تمام بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔