عید کی آمد،نئے کرنسی نوٹوں کی طلب میں اضافہ، بلیک میں بکنے لگے

04-04-2024

(لاہور نیوز) عید ہو اور نئے نوٹ نہ ہوں تو عید کا مزہ دوبالا نہیں ہوتا،عید کی آمد پر نئے کرنسی نوٹوں کی طلب بھی بڑھ گئی،سڑک کنارے نئے نوٹ مہنگے داموں فروخت ہونے لگے۔

عید پر جہاں ایک طرف نئے کپڑوں اور جوتوں کی خریداری آخری مراحل میں ہے تو وہیں دوسری طرف نئے کرنسی نوٹوں کی مانگ بھی بڑھ گئی  جبکہ  بلیک مارکیٹ میں نئے کرنسی نوٹوں کے ریٹ میں بھی اضافہ ہو گیا۔ 20،10 اور 50 والے نوٹ اضافی   400 سے 600 روپے جبکہ 100 روپے والے نئے کرنسی نوٹوں کی کاپی   800 روپے اضافی پر فروخت ہو رہی ہے۔ عجب بات یہ ہے کہ بینکوں سے نئے نوٹ  مل نہیں رہے لیکن اضافی پیسوں پر بیچنے والے مارکیٹ میں دستیاب ہیں حتیٰ کہ سٹیٹ بینک کے باہر بھی نئے کرنسی نوٹ بیچنے والے ہر وقت موجود رہتے ہیں۔  صارفین کا کہنا ہے کہ نئے کپڑوں اور جوتوں کے ساتھ جیب  میں نوٹ بھی نئے ہی اچھے لگتے ہیں، بچے بھی عید پر نئے نوٹوں کا ہی تقاضا کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے ہر سال عید پر بڑی تعداد میں بینکوں کو نئے نوٹ جاری کئے جاتے ہیں  لیکن بینکوں سے محدود دستیابی   کے باعث اکثر صارفین  مارکیٹ سے ہی  نئے نوٹ زائد نرخ پر خریدنے پر مجبور ہوتے ہیں۔