مہنگائی سے میٹھی عید کی خوشیاں بھی پھیکی، بازاروں میں ویرانی کا عالم

04-04-2024

(لاہور نیوز) مہنگائی سے میٹھی عید کی خوشیاں بھی پھیکی پڑنے لگیں، عیدالفطر قریب آنے کے باوجود لاہور کے بازاروں میں ویرانی کا عالم دکھائی دے رہا ہے۔

عید الفطر میں چند روز باقی رہ گئے مگر لاہور  کی مارکیٹیں  خریداروں سے خالی ہیں، شہر کے اہم ترین نیو انارکلی بازار  میں بھی ویرانی سی چھاگئی، دکاندار خریداروں کی راہ  دیکھ رہے ہیں، مارکیٹ آنیوالے چند گاہک بھی کپڑوں ،جوتوں  اور دیگر اشیا کی قیمتیں سن کر پریشان  دکھائی دیتے ہیں۔ نیوانارکلی بازار میں آئے  شہریوں  کا کہنا تھا   پچھلے سال کی نسبت اس مرتبہ مہنگائی دگنی ہوگئی ہے، اتنے آمدن نہیں جتنی مہنگائی ہو گئی ہے لیکن کیا کریں بچوں کو عید کی خوشیوں سے تو محروم نہیں کیا جا سکتا۔  دوسری طرف  دکانداربھی کاروبار میں مندی کا شکوہ کر رہے ہیں، دکانداروں کا کہنا تھا کہ  عید میں ابھی چند دن باقی ہیں امید ہے جلد بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھ جائے گا۔