ججز پر دباؤ سچ ہے یا جھوٹ فیصلہ عدالت کریگی: عظمیٰ بخاری

04-03-2024

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ججز پر دباؤ سچ ہے یا جھوٹ فیصلہ عدالت کرے گی، جو کہا جا رہا ہے اس کے شواہد بھی دینے پڑیں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دی فرنٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی ایک طرف کہتی ہیں شہد میں زہر ملا کر دیا جارہا ہے، کبھی کہتی ہیں کھانے میں ملا کر زہر دیا جارہا ہے، زہر کی سٹوری کوئی نہیں ہے، بشریٰ بی بی نے تو زمان پارک میں بھی کہا تھا زہر دیا جائے گا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ججز پرانی باتوں کو آج نکال رہے ہیں، جج اطہر من اللہ نے آج کہا ججز پر بڑا دباؤ ہے، ججز پر بالکل دباؤ آ سکتا ہے اور آتا رہا ہے، ایک سیاسی پارٹی کو درجنوں کیسز میں ضمانتیں مل جاتی ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ جو کچھ کہا جا رہا ہے اس کا ثبوت تو دینا پڑے گا، اگر دباؤ اتنا ہے تو پہلے دباؤ کام کیسے اور اب کیوں نہیں کر رہا، ایک دباؤ نواز شریف کے کیسز میں سر چڑھ کر بول رہا تھا۔