محسن نقوی کی ن لیگ میں شمولیت کا فیصلہ انکا اپنا ہو گا، سپیکر پنجاب اسمبلی

04-03-2024

(ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ محسن نقوی کے کام سے متاثر ہیں، ہمارے ووٹوں سے سینیٹر بن گئے مگر مسلم لیگ میں شمولیت کا فیصلہ ان کا اپنا ہو گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ میرا بطور سپیکر پنجاب اسمبلی صرف ایک رول ہے کہ ہاؤس کو رولز اور ڈیموکریٹک پریکٹسز کے مطابق چلاؤں، چودھری پرویز الٰہی کے دور میں کچھ معاملات ایسے ہوئے جن میں تاریخی غلطیاں تھیں، کم از کم میری دعا ہے کہ وہ غلطیاں نہ دہرائی جائیں۔ محمد احمد خان نے کہا کہ بہتر یہ ہوتا کہ کے پی سپیکر الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق حلف لیتے، تحریک انصاف والے پہلے پنجاب اسمبلی تحلیل کر کے اور 90 روز کی بحث میں گئے اور کے پی اسمبلی کے ساتھ بھی یہی کر چکے ہیں، میرا نہیں خیال آئسولیشن میں پڑ کر جمہوری نظام کی خدمت کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا حق انہیں ریلیف فراہم کرنا ہے، مشکلات اپنی جگہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں اپنی جگہ، ہمارے ملک میں غربت بے تحاشہ ہے اس کا بندوبست حکومت کی ذمہ داری ہے۔