وزیراعظم کی نئے ٹیلنٹ کے حصول کیلئے کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت
04-03-2024
(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نئے ٹیلنٹ کے فروغ اور وفاقی وزارتوں کی استعداد بڑھانے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
وزارتوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عالمی شہرت یافتہ ماہرین اور کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کی تجاویز پر غور کیا گیا، وزیراعظم نے کہا کہ باصلاحیت، پیشہ ور افراد اور تکنیکی ماہرین گورننس کے نظام میں جدت لا کر اسے مزید مؤثر بنائیں گے۔ وزیرِ اعظم نے ماہرین اور کنسلٹنٹس کی تعیناتی کے حوالے سے حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی، شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی معیار کا ٹیلنٹ پول بنانے کی ضرورت ہے۔ شہباز شریف نے نئے ٹیلنٹ کے حصول کیلئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کر دی، انہوں نے کہا کہ سول سروس کی استعداد بڑھانے کیلئے پالیسی سطح پر تکنیکی تقاضے پورے کئے جائیں۔