لاہور ہائیکورٹ کے ججز کو ملنے والے دھمکی آمیز خطوط لیٹر باکس میں ڈالے گئے
04-03-2024
(لاہور نیوز) پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے ججز کو ملنے والے دھمکی آمیز خطوط ملزموں نے لیٹر باکس میں ڈالے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکیا خطوط لیٹر باکس سے نکال کر ڈاک آفس میں لے آیا، وہاں سے متعلقہ ایڈریس پر خطوط کو بھیجا گیا۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس نے لیٹر باکس سے خطوط نکال کر پہنچانے والے پوسٹ مین کو حراست میں لیا، بعدازاں تفتیش کے بعد پوسٹ مین کو رہا کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خطوط کس لیٹر باکس سے ملے پوسٹ مین اس بات سے مکمل طور پر لاعلم نکلا، ڈاکیے نے معمول کے مطابق خطوط نکال کر متعلقہ ایڈریس پر بھجوائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز خطوط کی فرانزک رپورٹ میں مزید حقائق سامنے آئیں گے، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی ملزموں کی تلاش جاری ہے، پولیس تمام پہلوؤں پر تفتیش میں مصروف ہے۔