نیوزی لینڈ سے سیریز: قومی ٹیم میں محمد عامر اور عماد وسیم کی شمولیت متوقع

04-03-2024

(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان کے سکواڈ کا اعلان اگلے ایک دو روز میں ہونے کا امکان ہے جس میں محمد عامر اور عماد وسیم کی واپسی متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے حوالے سے کاکول میں سلیکٹرز اور کپتان کے درمیان مشاورتی عمل مکمل ہوچکا ہے اور ہوم سیریز کی وجہ سے ٹیم میں 18 کھلاڑی شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس سلسلے میں ذرائع نے بتایا کہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف مکمل طور پر فٹ نہیں ہوسکے ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف ان کی واپسی مشکل ہے۔ حارث رؤف پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور اسی سبب وہ آدھے سے زیادہ ایونٹ نہیں کھیل سکے تھے۔ جارحانہ بیٹنگ کرنے والے فخر زمان کی بھی انجری کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ان کی شمولیت بھی فٹنس سے مشروط ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور صائم ایوب ٹیم میں شامل ہوں گے جبکہ صاحبزادہ فرحان اور سلمان علی آغا کے نام بھی زیر غور ہیں۔ مڈل آرڈر میں افتخار احمد اور اعظم خان جبکہ سپنرز میں شاداب خان، اسامہ میر اور عماد وسیم ٹیم کا حصہ ہوسکتے ہیں۔ فاسٹ باؤلرز میں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر اور زمان خان کی شمولیت کا قوی امکان ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست کے لیے عثمان خان، وسیم جونئیر، عرفان نیازی اور عباس آفریدی کے ناموں پر بھی غور جاری ہے۔