عید: مارکیٹوں میں رش،مہنگائی کے باعث جوتے بھی عوام کی پہنچ سے دور

04-03-2024

لاہور: (اسامہ غوری) عید قریب آتے ہی بازار میں جوتوں کی دکانوں پر بھی رش لگنے لگا، جوتوں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں نے خریداروں کے ہوش اڑا کے رکھ دیئے۔

عید الفطر قریب آتے ہی لاہوریئے عید کی تیاری میں مصروف ہیں، مارکیٹ میں  ایک طرف دکانوں پر خریداروں کا ہجوم دکھائی دے رہا ہے تو دوسری طرف جوتوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ مارکیٹ میں ورائٹی کے لحاظ سے پشاوری چپل  اڑھائی ہزار سے لےکر 12 ہزار روپے تک میں فروخت ہورہی ہے، اپنی الگ پہچان رکھنے والی نروزی پشاوری چپل کی قیمت 5 ہزار روپے تک  پہنچ گئی ہے۔ لاہور کی دکانوں پر چارسدہ چپل 3 ہزار اور کپتان چپل 5 ہزار روپے تک میں مل رہی ہے۔ مہنگائی سے پریشان شہریوں کا کہنا ہے کہ پشاوری چپل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے، بچوں کی ضد کے آگے کچھ نہیں کر سکتے اس لیے مہنگی چپل خریدنے پر مجبور ہیں۔ دوسری طرف د کانداروں کا کہنا ہے کہ خام مال مہنگا ہونے سے جوتوں کی لاگت بہت بڑھ گئی ہے،  مہنگے جوتے بنا کر  گاہک کو کم قیمت پر  کیسے  فروخت کریں۔