اپوزیشن جماعتوں کا فی الفور نئے اور منصفانہ انتخابات کا مطالبہ

04-03-2024

(ویب ڈیسک) اپوزیشن جماعتوں نے ملک میں فی الفور نئے صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن جماعتوں نے 8 فروری کے انتخابی نتائج کو مسترد کردیا۔ اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، بی این پی مینگل، جماعت اسلامی، سنی اتحاد کونسل، ایم ڈبلیو ایم کے قائدین نے شرکت کی اور 13 نکات پراتفاق کیا۔ اعلامیہ کےمطابق اپوزیشن جماعتوں نے 8 فروری کے انتخابی نتائج کو مسترد کردیا اور ملک میں فی الفور نئے صاف شفاف منصفانہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن جماعتوں نے عدلیہ کی آزادی، سویلین اداروں کی بالادستی پر بھی اتفاق کیا جبکہ اجلاس کے دوران آئین کی بحالی، منصفانہ انتخابات کے بعد جمہوریت کی بحالی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اپوزیشن اتحاد نے بانی پی ٹی آئی سمیت سیاسی کارکنوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ اپوزیشن قائدین  کا کہنا تھا کہ آئین سے انحراف عوام کی نمائندہ پارلیمنٹ کی بے توقیری ہے، سیاسی قیادت نے آئین و جمہوریت کی بحالی کے لیے کردار  ادا نہ کیا تو  ملک کے مستقبل کو  خطرات ہوں گے۔