شہر میں چور بے لگام ، پولیس وارداتیں روکنے میں ناکام

04-03-2024

لاہور :(مجاہد لطیف) صوبائی دارالحکومت میں کار، موٹرسائیکل اور سائیکل چوری کی وارداتیں نہ رکیں ۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال کے 80 روز میں 5 ہزار 476 وارداتیں ہوئیں، آپریشن ونگ اور  اینٹی وہیل لفٹنگ سسٹم (اے وی ایل ایس) حکام   مسروقہ موٹرسائیکلیں اور کاریں تلاش نہ کر سکے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق رواں سال کار چوری کے 171 واقعات رپورٹ ہوئے، کینٹ ڈویژن کار چوری کی 41 وارداتوں کے ساتھ سرفہرست رہا، ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں  کار چوری کی 35 وارداتیں رپورٹ ہوئیں جبکہ  اقبال ٹاؤن ڈویژن کار چوری کی 30 وارداتوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، صدر ڈویژن کا کار چوری کی 26 وارداتوں کے ساتھ چوتھا نمبر  ہے۔ رواں سال شہر میں موٹرسائیکل چھیننے کے 417 واقعات رونما ہوئے، صدر ڈویژن موٹرسائیکل چھیننے کی 90 وارداتوں کے ساتھ سرفہرست رہا، سٹی ڈویژن کا 82 وارداتوں کے ساتھ دوسرا اور کینٹ ڈویژن کا 78 وارداتوں کے ساتھ تیسرا نمبر ہے۔ اسی طرح رواں سال موٹرسائیکل چوری کے 4477 واقعات رپورٹ ہوئے، سٹی ڈویژن موٹرسائیکل چوری کی931 وارداتوں کیساتھ سرفہرست ہے، کینٹ ڈویژن 855 وارداتوں کے ساتھ دوسرے، ماڈل ٹاؤن ڈویژن 825 وارداتوں کے ساتھ تیسرے، صدر ڈویژن 695 وارداتوں کے ساتھ چوتھے اور  اقبال ٹاؤن ڈویژن  635 واقعات کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ آپریشن ونگ اور اے وی ایل ایس حکام تمام تر کوششوں کے باوجود بھی شہریوں کی مسروقہ موٹرسائیکلیں اور کاریں تلاش نہیں کر سکے۔