وزیراعظم کی 5 سالوں میں ملکی برآمدات دوگنا کرنے کیلئے لائحہ عمل بنانے کی ہدایت
04-02-2024
(لاہور نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئندہ پانچ سالوں میں ملکی برآمدات دو گُنا کرنے کیلئے لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت تجارت کو کامیاب انٹرپرنیور اور سٹیک ہولڈر سے مشاورت کے بعد لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے ای کامرس شعبے میں برآمد کنندگان (جو پاکستان میں اپنی مصنوعات بنا کر دنیا بھر میں برآمد کرتے ہیں) کو سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم کی وزارت تجارت کو Made in Pakistan برانڈ برآمد کرنے والوں کے مسائل کے فوری حل کی بھی ہدایت سامنے آئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے برآمدی شعبے کی مکمل استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، آئی ٹی، گھریلو استعمال کی مصنوعات، ٹیکسٹائل اور منفرد شعبوں کی برآمدات کے فروغ کیلئے شعبے کے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔ شہباز شریف نے مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی برآمدات جو عالمی ویلیو چینز کا حصہ ہوں ان کی صنعت کی ترقی کی حوصلہ افزائی کیلئے سفارشات مرتب کرکے پیش کی جائیں۔