حبا بخاری اور آرز احمد نے ایک دوسرے کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے
04-02-2024
(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ حبا بخاری اور ان کے شوہر آرز احمد نے ایک دوسرے کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے۔
حال ہی میں حبا بخاری اپنے شوہر آرز احمد کے ہمراہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا، اس موقع پر انہوں نے اپنے شوہر کی تعریفوں کے انبار لگا دیئے۔ پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے حبا بخاری کا کہنا تھا کہ ان کے مقابلے ان کے شوہر زیادہ پرسکون رہتے ہیں، وہ غصہ کم کرتے ہیں اور اہل خانہ کے ساتھ گھل مل جانے والے شخص ہیں۔ حبا کا کہنا تھا کہ شوہر آرز احمد مجھ سے بہتر اداکاری بھی کرتے ہیں اور زیادہ پروفیشنل ہیں۔ اس موقع پر حبا کے شوہر آرز احمد نے اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شادی کے بعد حبا کی زندگی میں ٹھہراؤ آگیا ہے، پہلے وہ جلد بازی سے کام لیتی تھیں لیکن اب وہ ایسا نہیں کرتیں۔ ایک سوال کے جواب میں آرز احمد کا کہنا تھا کہ بظاہر میں پیسے بچانے کی کوشش کرتا ہوں لیکن بچا نہیں پاتا، درحقیقت میں اور اہلیہ دونوں ہی پیسے نہیں بچا پاتے۔