بجلی چوری کے سدباب کیلئے ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ

04-02-2024

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے بجلی چوری کے سدباب کیلئے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں  سینئر  صوبائی  وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات وثقافت عظمی بخاری ، ایم پی اے ثانیہ عاشق، سابق سینیٹر پرویز رشید، چیف سیکرٹری، آئی جی، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور دیگر حکام شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران بجلی چوری سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ ڈیسکوز حکام نے تمام اضلاع میں بجلی چوری کی مفصل رپورٹ بھی پیش کی۔ رپورٹ کی روشنی میں ضلعی سطح پر بجلی چوری کے سدباب کے لئے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹاسک فورس میں پولیس،مجسٹریٹ، انٹیلی جنس، ڈی سی آفس ،پراسیکیوشن اور محکمہ قانون کے نمائندے شامل ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 600 سے زائد سپیشل پولیس فورسز ٹیمیں بھی انسداد بجلی چوری مہم میں حصہ لیں گی، بجلی چوری روکنے اور ریکوری کے لئے قوانین میں ترمیم کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے بجلی چوری کے مقدمات میں مضبوط اور مؤثر پراسیکیویشن کی ہدایت کی ہے۔