پنجاب : سی ٹی ڈی کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 22 دہشتگرد گرفتار
04-02-2024
(لاہور نیوز) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 22 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔
ترجمان کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) نے پنجاب بھر میں 232 آئی بی اوز آپریشن کیے ، یہ آپریشن لاہور،بہاولپور ، میانوالی، بہاولنگر، راولپنڈی، چینوٹ، پاک پتن ، خانیوال ، چکوال ، اٹک، سرگودھا میں کیے گئے۔ ترجمان کاکہنا ہے کہ لاہور سے القاعدہ کی مالی معاونت کرنے والے 2جبکہ بہاولپور سے افغانستان سے تربیت یافتہ ٹی ٹی پی کا 1 خطرناک دہشت گرد گرفتارکیا گیا، دہشت گردوں کی شناخت شہزاد، مدثر ، فضل مولا ، اعظم ، رحمان ، شفیق ، ذیشان وغیرہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد ، 27 ڈیٹونیٹر ، 60 فٹ حفاظتی فیوز وائر، تین آئی ای ڈی بم ، اسلحہ ، گولیاں اور نقدی برآمد کی گئی ، دہشت گرد مختلف اداروں اور سرکاری دفاتر پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ترجمان کے مطابق رواں ہفتے1081 کومبنگ آپریشنز کے دوران 149 مشتبہ افراد گرفتار کیے ، کومبنگ آپریشنز میں 43792 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ۔ ترجمان کاکہنا ہے کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔