بعض کھلاڑیوں کو آرام دینے کیلئے نیوزی لینڈ سے سیریز میں روٹیشن پالیسی اپنانے کا فیصلہ
04-02-2024
(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو آرام کروانے کیلئے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں روٹیشن پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
روٹیشن پالیسی کے تحت فاسٹ بولر شاہین آفریدی سمیت کچھ کھلاڑی تمام میچز میں شرکت نہیں کریں گے، سلیکشن کمیٹی قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سے اس حوالے سے مشاورت کرے گی۔ دوسری جانب آرمی سکول آف فزیکل ٹریننگ میں کرکٹرز کی مختلف مشقوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹریننگ اچھی ہو رہی ہے ، سب انجوائے کر رہے ہیں، فٹنس میں بہت بہتری آئے گی۔ دوسری جانب آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ آرہا ہے،کیمپ کا بہت فائدہ ہوگا۔ واضح رہے کہ رواں ماہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے پاکستان پہنچ رہی ہے اور سیریز کا آغاز 18 اپریل سے ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 میچز کی سیریز کے لیے 17 سے 18 کھلاڑیوں کا اعلان جلد کیا جائے گا، ان کھلاڑیوں میں سے ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹیم کا اعلان ہو گا ۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے سکواڈز کے اعلان کی ڈیڈ لائن یکم مئی ہے، 25 مئی تک سکواڈز میں تبدیلی کی جا سکے گی اس کے بعد آئی سی سی کی اجازت درکار ہوگی۔