پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف عدالت جانے کا اعلان
04-02-2024
(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔
پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستیں ہمارا حق ہے، مخصوص نشستوں سے ہمیں قانونی طور پر محروم نہیں رکھا جا سکتا، ان نشستوں کے لئے پہلے ہی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے کیخلاف ایک اور درخواست سپریم کورٹ میں دائر کریں گے۔ بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ آج پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کر کے ان تمام معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی کے پی میں سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف بھرپور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں بار بار آئین کو توڑا جا رہا ہے، ہم آخری حد تک جائیں گے، پیچھے نہیں ہٹیں گے، غیرقانونی طور پر ارکان کو حلف نہیں لینے دیں گے۔