ن لیگ تمام نشستیں واضح مارجن سے جیتے گی: عظمیٰ بخاری
04-02-2024
(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ن لیگ تمام نشستیں واضح مارجن سے جیتے گی۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں اس وقت پولنگ زوروشور سے جاری ہے، ہمارے مخالفین اکا دکا دکھ رہے ہیں، ہم رات تک اپنی تمام نشستیں واضح مارجن سے جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں کسی قانون اور ضابطے کا اطلاق نہیں ہوتا، حلف برداری کے بغیر خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کا الیکشن نہیں ہوسکتا، یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں یہ تیار نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کو سب سے زیادہ فکر پنجاب کی ہے ،اپنی طرف تو دیکھ لیں، مریم نواز عام آدمی کی بھلائی کیلئے دن رات کام کر رہی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب ہیلی کاپٹر ضرور خرید رہی ہیں لیکن ایئر ایمبولینس کیلئے، بیرسٹر سیف پوری خبر تو پڑھ لیا کریں کہ ہے کیا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے لوگوں کو اپنے وزرا کا گریبان پکڑ کر پوچھنا چاہیے کہ ہمارے لیے کیا کیا ہے، خیبر پختونخوا حکومت کوئی ایک میٹنگ کا بتا دے جو انہوں نے کی ہو، مجھے بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت افطار کے بعد اٹھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم اور اعلیٰ عدلیہ آئینی خلاف ورزی کو دیکھ رہی ہے، یہ آئین ہے کوئی موم کی ناک نہیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ بوٹی مافیا کو ہمارے وزیر تعلیم نے بے نقاب کیا، شہبازشریف کے دور حکومت میں پنجاب میں بوٹی مافیا کا کوئی نشان نہیں تھا، جو گزشتہ 4 سال رہے وہ پنجاب کے تعلیمی نظام میں بوٹی مافیا لائے۔