امید ہے ہمارے تمام امیدوار کامیاب ہو جائیں گے: مصدق ملک

04-02-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم و رہنما مسلم لیگ ن مصدق ملک نے کہا ہے کہ امید ہے شام تک ہمارے تمام امیدوار سینیٹ کی نشستوں پر کامیاب ہو جائیں گے۔

پنجاب اسمبلی آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹ امیدوار مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہماری اکثریت کافی زیادہ ہے، ہم پیپلز پارٹی اور دیگر سپورٹ کرنے والی سیاسی جماعتوں کے شکر گزار ہیں، امید ہے شام تک ہمارے تمام امیدوار کامیاب ہوجائیں گے، پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی میں بھی غیر مشروط سپورٹ کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اپوزیشن ہمارے بل کو بہتر کرے تو یہ جمہوریت کیلئے اہم ہے، پی ٹی آئی نے کوئی تعمیری اور مثبت سیاست نہیں کی، کیا ان کی سیاست صرف یہی ہے کہ جلاؤ گھیراؤ کرو، سیاستدانوں کی ذمہ داری ہے کہ حلف کی پاسداری کرتے ہوئے اسمبلی میں لوگوں کے مسائل حل کریں۔ لیگی رہنما  کا کہنا تھا کہ  اس وقت سیاسی استحکام سب سے بڑی ضرورت ہے، سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام آئے گا، کچھ ذمہ داری پی ٹی آئی کی بھی ہے کہ وہ آگے آئے اور  سیاسی استحکام میں اپنا حصہ ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ  شہبازشریف نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے ہاتھ آگے بڑھایا تھا لیکن  بانی پی ٹی آئی نے ان کا ہاتھ جھٹک دیا تھا، نوازشریف نے اپنی تقریر میں کہا ملکی مفاد کی خاطر آگے بڑھنا چاہتا ہوں، ہمارا خیال تھا عام انتخابات میں ہمیں 90سےلیکر 105تک سیٹیں مل سکتی تھیں مگر ہمیں اتنی سیٹیں نہیں مل سکیں ، ہم عوامی رائے کا احترام کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر پٹرولیم نے مزید کہا کہ عالمی مارکیٹوں میں تیل کی قیمت کبھی تیز اور کبھی کم ہوجاتی ہے، بے یقینی کی کیفیت سےعالمی مارکیٹ میں خام تیل، پٹرول یا ڈیزل کی قیمت میں تیزی آجاتی ہے، اس وقت سب سے زیادہ اہم گیس کی قیمتوں میں کمی لانا ہے۔