سینیٹ انتخابات: پنجاب کی 5 نشستوں پر انتخاب، ووٹنگ کا وقت ختم

04-02-2024

(لاہور نیوز) پارلیمنٹ کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کی پنجاب کی 5 خالی نشستوں پر انتخاب کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہو گیا۔

پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا جو شام 4 بجے تک جاری رہا صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے پریذائیڈنگ افسر کے فرائض سرانجام دیئے۔ پنجاب کی 2 خواتین، 2 ٹیکنو کریٹ اور ایک اقلیتی  نشست پر انتخاب ہو گا، پنجاب میں مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے جبکہ پیپلزپارٹی نے پنجاب میں ن لیگ کی حمایت کا اعلان کررکھا ہے۔ خواتین کی نشست پر مسلم لیگ ن کی انوشہ رحمٰن، بشریٰ انجم بٹ امیدوار ہیں، سنی اتحاد کونسل کی صنم جاوید بھی خواتین کی نشست پر امیدوار ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کی فائزہ ملک خواتین کی نشست سے دستبردار ہو گئی ہیں۔ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے محمد اورنگزیب اور مصدق ملک امیدوار ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے ڈاکٹر یاسمین راشد ٹیکنوکریٹ کی نشست پر امیدوار ہیں۔ اقلیتوں کی نشست پر مسلم لیگ ن کے امیدوار خلیل طاہر سندھو اور سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق کے درمیان مقابلہ ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق پنجاب اسمبلی کو پولنگ سٹیشن کا درجہ دیا گیا ہے، پنجاب میں سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں پر امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔  صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان پنجاب اسمبلی آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان کا کہنا تھا کہ 356 ارکان کی ووٹر لسٹ موصول ہو چکی ہے، سینیٹ انتخابات کی پولنگ خفیہ رائے شماری سے ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ارکان اسمبلی کے موبائل فون لے کر جانے پر پابندی ہو گی، ارکان اسمبلی اپنے پسندیدہ امیدواروں کو ووٹ کاسٹ کریں۔ بیلٹ پیپرز سینیٹ انتخابات کیلئے چار مختلف رنگوں میں بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں، جنرل نشستوں کیلئے سفید پیپرز، ٹیکنوکریٹ نشستوں کیلئے سبز بیلٹ پیپر ہیں جبکہ خواتین کی نشستوں کیلئے گلابی اور اقلیتی نشستوں کیلئے پیلے رنگ کے بیلٹ پیپرز استعمال ہوں گے۔