سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول کی فراہمی کیلئے پُرعزم ہیں: وزیر خزانہ

04-01-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نجی شعبے کی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی اور مالیاتی امور میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔

پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن اور انٹرنیشنل فنانس کا رپوریشن کے کنٹری منیجر ذیشان احمد شیخ نے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، فریقین نے مشترکہ ترقیاتی حکمت عملی اور اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں بین الاقوامی مالیاتی اداروں عالمی بینک اور پاکستان کے درمیان تعلقات، شراکت داری اور روابط کے فروغ سے متعلق امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا، اس موقع پر پاکستان کے لئے ترقیاتی ایجنڈے کے بارے میں وسائل کی فراہمی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کے نمائندوں نے اقتصادی اور سماجی شعبوں میں اصلاحات لانے کی حکومتی کوششوں اورعزم کی تعریف کی جس کا بنیادی مقصد ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنا، سرکاری ملکیتی اداروں کی ری سٹرکچرنگ اورنجکاری کو فروغ دینا ہے۔ فریقین نے زراعت بجلی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع و استعداد کا بھی جائزہ لیا۔عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کے نمائندوں نے حکومت کے ترقیاتی ایجنڈےاور پاکستانی عوام کے فلاح و بہبود کے لئے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔