حکومت پاکستان چینی انجینئرز کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم کرے گی: وزیر اعظم
04-01-2024
(ویب ڈیسک) بشام واقعہ کے تناظر میں وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے داسو کا دورہ کیا، انہوں نے پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز اور ماہرین سے ملاقات کی۔
اس موقع پر دہشت گردی کا نشانہ بننے والے چینی انجینئرز کی یاد میں 30 سیکنڈ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بشام واقعہ دہشت گردوں کا بزدلانہ فعل تھا، ایسے واقعہ کا مقصد پاک چین غیر معمولی دوستی کو متاثر کرنا تھا، بشام واقعہ کے پس پردہ پاکستان کے دشمن کار فرما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے میں ہمارے دشمن کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہے، حکومت پاکستان چینی انجینئرز کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم کرے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بشام واقعہ پر چینی انجینئرز اور ورکرز سے اظہار تعزیت کیا، انہوں نے کہا کہ بشام واقعے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، شہباز شریف نے چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ امید ہے پاکستانی حکومت دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے گی، پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط کرنے کیلئے تعاون جاری رکھیں گے۔