مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف انجمنِ شہریان کا احتجاج
04-01-2024
(لاہور نیوز) مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف انجمنِ شہریان اور ریلوے پریم یونین نے بوہڑ والا چوک میں احتجاج کیا۔
انجمنِ شہریان کے صدر صوفی خلیق احمد بٹ اور ریلوے پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور نے احتجاج کی قیادت کی، مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بوہڑ والا چوک میں علامتی دھرنا دیا۔ شیخ محمد انور اور صوفی خلیق بٹ سمیت دیگر عہدیداروں کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، اشرافیہ کی عیاشیاں جاری ہیں اور غریب کو دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں، وزرا اور بیوروکریٹس کی تنخواہیں اور مراعات کم کی جائیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، مہنگائی نے غریب عوام کو مار دیا ہے۔