سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی نے انکوائری کمیشن کی سربراہی سے معذرت کر لی
04-01-2024
(لاہور نیوز) سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی نے انکوائری کمیشن کی سربراہی سے معذرت کر لی۔
جسٹس (ر) تصدق جیلانی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا ، خط میں انہوں نے لکھا ہے کہ ذاتی مصروفیات کی بنا پر کمیشن کی سربراہی نہیں کر سکتا۔ واضح رہے کہ 25 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز نے سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے ایک خط میں عدالتی امور میں آئی ایس آئی اور دیگر انٹیلیجنس اداروں کی طرف سے براہ راست مداخلت اور ججز پر دباؤ ڈالنے کے الزامات عائد کئے تھے۔ اس کے بعد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نہ صرف وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی بلکہ اس بات پر زور دیا کہ عدالتی امور میں مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور دونوں کےدرمیان انکوائری کمیشن کے قیام پر اتفاق ہوا تھا۔ بعدازاں 30 مارچ کو وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کے خط پر انکوائری کمیشن کی تشکیل کی منظوری دیتے ہوئے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کو انکوائری کمیشن کا سربراہ نامزد کیا تھا۔