کریم بلاک پر فلائی اوور کی بجائے انڈر پاس کا منصوبہ حکومت کو پیش

04-01-2024

(لاہور نیوز) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے کریم مارکیٹ اقبال ٹاؤن کے مقام پر فلائی اوور کی بجائے انڈر پاس کی تعمیر کا منصوبہ پنجاب حکومت کو پیش کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دور اقتدار میں شہر لاہور میں پہلا میگا پراجیکٹ شروع کرنے کی تجویز حکومت کو ارسال کردی گئی، ڈیزائن میں تبدیلی کے ساتھ ماضی کا ایک اور منصوبہ پنجاب حکومت کو پیش کر دیا گیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے شعبہ انجینئرنگ کے ہمراہ کریم بلاک انڈرپاس منصوبے کے ڈیزائن کا تفصیلی سروے بھی کر لیا جبکہ  پراجیکٹ کو سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے شروع کرنے کی استدعا کی گئی ہے،کریم بلاک انڈر پاس کی تعمیر کے لیے دو ارب 90 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ لاہور نیوز نے کریم بلاک انڈر پاس کا ڈیزائن حاصل کر لیا، نئے ڈیزائن کے مطابق جناح ہسپتال سے کریم بلاک جانے والی سڑک پر انڈر پاس تعمیر کیا جائے گا،کریم بلاک چوک میں ایڈگریڈ کے ذریعے ٹریفک کو کنٹرول کیا جائے گا۔ انڈر پاس دو طرفہ اور دو دو لین پر مشتمل ہوگا جبکہ  پراجیکٹ کی تعمیر کے لیے اراضی ایکوائر نہیں کی جائے گی۔